Damak Raha Hai Rukh e Shaam par Sitara e Shaam

April 27, 2007 on 10:44 am | In Shoola e Gul | No Comments

دمک رہا ہے رُخِ شام پر ستارئہ شام

غروبِ مہر پہ اب کون دھر سکے الزام

اِس ایک پَل میں یہاں ایک عمر بیت گئی

تری نگاہِ کرم ہے کہ گردشِ ایاّم

گلُوں کے اُڑتے ہوُئے رنگ کی تلاش میں ہوں

یہی نہ ہو مرے ذوقِ جمال کا انجام

بایں خمار، زمانے کا ساتھ دیتا ہوُں

زمیں سے اُٹھ نہ سکا میری خوشی کا مقام

یہ سوچتا ہوُں کہ پھوُلوں کے رقص کی بُنیاد

نہ جانے بادِ چمن ہے کہ تیرا حُسنِ خرام

بھٹک رہا ہوُں حقیقت کی تیرگی میں، مگر

چراغِ فکر ہے اب تک مرا گُلاب اندام

کِسی کی تشنہ لبی رنگ لا رہی ہے، کہ آج

لہوُ لہوُ ہے ترے ہاتھ میں شراب کا جام

ضرور دامنِ شب سے ڈھلک رہی ہے سحر

کہ بھیجتے ہیں ستارے بھی تیرگی کو سلام

ندیم سینۂ گیتی سے جب بھی ہوُک اُٹھی

مِری نگاہ جمی رہ سکی نہ برسرِ بام

« Previous PageNext Page »

Presentation of Urdu Poetry Forum - Get RSS Feed: Entries and comments feeds. ^Top^